اسلام آباد (طاہر خلیل)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی جانب سے چین کی ’’ون چائنہ پالیسی‘‘ کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور معاشی ترقی کے حوالے سے چین کی مسلسل حمایت کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، چین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی اور منصفانہ موقف کی حمایت کی ہے، پاکستان اور چین عالمی اور علاقائی امن و استحکام، ترقی اور کثیر الجہتی نظام کی حمایت جاری رکھیں گے، پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تقریب چین کے ساتھ دوستی ،خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی ا سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین کائی ڈی فینگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،دو طرفہ تعلقات تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِاعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین، وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سمیت اعلیٰ سفارتکاروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مثالی دوستی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے چین کی قیادت اور عوام بالخصوص چین کے صدر شی جن پنگ کو سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی، دفاع اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پارہا ہے۔ صدر مملکت نے پاکستان اور چین کی سفارتی تعلقات کی 75 سالہ تقریبات کے انعقاد اور مشترکہ تقریب کے شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کا انعقاد پاک-چین دوستی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے باہمی احترام پر مبنی جس سفر کا آغاز کیا جو دوستی کے ساتھ ساتھ دوطرفہ سٹرٹیجک تعاون اور پارٹنرشپ پر قائم ہے، پاکستان اور چین نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا خیال رکھا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے اس خصوصی استقبالیے میں آپ کے ساتھ شریک ہوں۔ انہوں نے میں نائب چیئرمین کائی ڈافینگ اور چینی وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آج یہاں موجودگی اس تاریخی موقع کو غیر معمولی اہمیت دیتی ہے اور اس کے ساتھ پاکستان اور چین کی دوستی کی مضبوطی کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 سال قبل دونوں اقوام نے باہمی احترام اور مشترکہ خواہشات پر مبنی ایک سفر کا آغاز کیا تھا، آج وہ سفر ایک منفرد ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں ڈھل چکا ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ اس سنگ میل پر ہم اس شاندار تاریخ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جس میں پاکستان اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا مکمل یکجہتی کے ساتھ تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا تعاون تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی، زراعت، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت متعدد شعبوں پر محیط ہے۔