اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190ملین پاوُنڈز کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکلا سے 18 جون کو دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے کہا کہ وکیل بیمار ہیں تو دوسرا وکیل دلائل دے ورنہ ریکارڈ دیکھ کر قانون کے مطابق فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی سے وکالت نامہ دستخط کروا کے وکیل کو فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کا تحریری آرڈر جاری کر دیا ہے۔ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپیل کو دلائل کیلئے مقرر کیا جا چکا ہے اور گزشتہ سماعت پر وکیل کو دلائل دینے کیلئے حتمی مہلت دی گئی تھی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر آنکھ کے عارضے میں مبتلا ہیں اور ان کی جانب سے ایک بار پھر التواء کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔