اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کو پاکستان کا سب سے قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں دونوں ممالک کی دوستی ایک منفرد مثال اور وقت کی ہر آزمائش پر پوریاتری ہے،سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر ہے، چین کی اقتصادی اور فوجی قوت دنیا کے لئے مثال ہے، سی پیک 2.0 میں زراعت، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، کان کنی و معدنیات ترجیح ہیں، مشترکہ کاوشوں سے ترقی کا راستہ طے کریں گے، فخر ہے دنیا چین کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ، وفاقی وزراء ، ارکان اسمبلی و سینیٹ ، پاکستان میں چین کے سفیر کے علاوہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی بھائیوں کی تقریب میں موجودگی باعث مسرت ہے۔ انہوں نے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سال سالگرہ پر صدر شی چن پنگ، وزیراعظم لی اور چینی قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان سب سے پہلا مسلم ملک اور دنیا کے اولین ممالک میں شامل تھا جس نے چین کو تسلیم کیا، 75 سال قبل ہمارے بانیان نے ان تعلقات کی بنیاد رکھی، اس کے بعد ہم نے مڑ کر نہیں دیکھا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں منفرد مثال کی حامل پاکستان-چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے، زلزلے ، سیلاب سمیت کسی بھی مشکل میں چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، کوئی بھی آفت ہو ، چین نے ہمارا بے مثال ساتھ دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ ساٹھ کی دہائی میں پہلی پرواز جو بیجنگ ایئرپورٹ پر اتری وہ پاکستانی تھی ، ہم نے ہنری کسنجر کے دورے کا بندوبست کیا، پاکستان نے ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی، مشترکہ مقاصد اور سوچ کی بنیاد پر دونوں ممالک قریب سے قریب تر ہوتے گئے، تعاون کے نتیجے میں نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے میں بھی امن و ترقی آئے گی۔