اسلام آباد( رانا غلام قادر۔نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر اُن کے اعزاز میں ناشتے کی ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا،وزیراعظم نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اُن کے عزم کو سراہا۔انہوں نے ان اعلیٰ مقاصد کیلئے پاکستان کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا، پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پاکستان میں اپنے پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور مختلف انسانی ترقی کے اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ،وزیراعظم نے پاکستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، ماحولیاتی تبدیلی سے مطابقت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے شعبوں میں AKDN کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔