اسلام آباد( رپورٹ: رانامسعود حسین) سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف جسٹس، سپریم کورٹ یحییٰ آفریدی کے خلاف تمام شکایات کومسترد کردیا ، پشاور،لاہور ، کراچی ،وہاڑی کے 2 وکلا اور 3شہریوں نے مس کنڈکٹ کے الزمات تحت 5شکا یات دائر کی تھیں ۔ جمعرات کے روز سپریم کورٹ کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کے14 مئی کے منعقدہ اجلاس کی کارروائی کا خلاصہ میڈیا کو جاری کر تے ہوئے بیان کیا گیاہے کہ سپریم کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس ،یحیٰ آفریدی کے خلاف پہلی شکایت 2016 میں پشاور ہائی کورٹ کے ایک وکیل صبغت اللہ شاہ نے دائر کی تھی جس میں ان پر پشاور ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ایڈیشنل سیشن ججوں کی تقرری کے عمل میں میرٹ کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا گیا ، تاہم سپریم جوڈیشل کونسل نے اس شکایت کومتفقہ طور پر خارج کر دیا، دوسری شکایت کراچی کے شہری امجد حسین درانی نے دائر کی جس میں چیف جسٹس پر سپریم کورٹ میں ایک مقدمہ کو بغیر سماعت کے ہی خارج کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسے بھی سپریم جوڈیشل کونسل نے متفقہ طور پر خارج کر دیا ۔