اسلام آباد/کراچی (نیوزرپورٹر/رفیق مانگٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قیام امن کے لیے ان کی غیر معمولی کوششوں اور سعودی عرب، قطر، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ہونے والی انتہائی مفید اور نتیجہ خیز ٹیلیفونک گفتگو پر مبارکباددیتے ہوئے کہاہےکہ پاکستان پوری سنجیدگی کے ساتھ امن کوششیں جاری رکھے گا اور ہمیں امید ہے کہ مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی بہت جلد کریں گے۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق مجوزہ معاہدہ اتوار کو طے پانے کا امکان نہیں، اور اس کی منظوری میں مزید چند دن لگ سکتے ہیں۔ سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق معاہدے کی حتمی منظوری ایران کی اعلیٰ قیادت، بشمول سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، کی جانب سے دی جانی ہے، جس میں وقت درکار ہو سکتا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ اگرچہ پیش رفت مثبت ہے، تاہم معاہدہ ابھی مکمل نہیں ہوا اور اس کے ناکام ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ مجوزہ معاہدہ خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے اور عالمی تیل کی سپلائی پر دباؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ آیا یہ طویل مدتی امن کی بنیاد رکھ سکے گا یا ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری مطالبات کو پورا کرے گا۔