میران شاہ،بیجنگ ( آن لائن )شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی، 11خوارج ہلاک، وزیر اعظم کا خراج تحسین ، آپریشنز دتہ خیل اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کئے گئے،ہلاک ملزمان دہشتگرد علاقے میں قتل ، اغوا سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پرخفیہ اطلاعات پر آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشنز دتہ خیل اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں کئے گئے ۔ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں قتل ، اغوا سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھے ۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی ے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران 11 دہشتگردوں کی ہلاکت پر وزیراعظم نے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ۔ شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 11 دہشتگردوں کی ہلاکت پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔