سانگھڑ ( محمد مبین بھٹی/ نامہ نگار ) ایس ایس پی آفس سانگھڑ کے اکاؤنٹنٹ اور جونیئر کلرک سمیت آن ڈیوٹی 6افراد رنگے ہاتھوں بڑے اسکینڈلز میں دھر لئے گئے علیحدہ علیحدہ دو مقدمات درج. تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نواب شاہ کرائم سرکل برانچ نے سانگھڑ ایس ایس پی آفس کے اکاؤنٹنٹ اور جونیئر کلرک سمیت آن ڈیوٹی 6افراد جن میں غلام سرور جعفری، میل احمد بروہی۔رانا غلام محی الدین بابر، ممتاز علی، شوقین شر اور عمران علی کے نام شامل بتائے جاتے ہیں کے خلاف 2الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں۔ درج شدہ مقدمات میں کسٹم ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے مذکورہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، گاڑیاں، موبائل فونز، بینک ریکارڈ، مختلف نوعیت کی جائیدادوں کے دستاویزات اور دیگر اہم شواہد برآمد کئے گئے ہیں۔ ایف آئی اے کے مطابق غلام سرور جعفری مبینہ طور پر منشیات اسمگلنگ، حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی مالی لین دین کے نیٹ ورک سے وابستہ تھا۔ذرائع کے مطابق برآمد شدہ ریکارڈ اور ڈائریوں سے مزید اہم شخصیات کے نام سامنے آنے کا بھی قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حاصل ریمانڈ کے دوران ملزمان سے مزید تفتیش کرے گی تاکہ مزید مبینہ مالی بےضابطگیوں، رشوت ستانی کے نیٹ ورک اور دیگر ممکنہ کرداروں کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقدمات میں شامل بعض ملزمان تفتیش کے دوران وعدہ معاف گواہ یا مرکزی گواہ بن سکتے ہیں۔