• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک چین تجارتی شراکت داری کا حجم 13 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، اسحاق ڈار

اسلام آ باد (نیوز رپورٹر)نائب وزیراعظم ا و ر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین تجارتی شراکت داری کا حجم 13ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا ، وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت میں حکومت معاشی بحالی، صنعتی توسیع اور پائیدار ترقی کے پرعزم ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پیچھے مڑ کر دیکھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اب صرف آگے اور اوپر کی جانب سفر ہے،پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاک چینی دوستی وقت، عالمی تبدیلیوں اور علاقائی چیلنجز کے باوجود مزید مضبوط ہوئی ہے۔ اتوار کو ہانگژ و میں پاکستان-چین بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس برائے آئی ٹی و ٹیلی کام، بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز اور زراعت کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ آج جن شعبوں کا انتخاب کیا گیا ہے وہ پاکستان کی معاشی تبدیلی اور صنعتی جدیدیت کے لیے نہایت اہم ہیں،کانفرنس میں پاکستان اور چین کی 500 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں اور یہی ادارے دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کی اصل قوت ہیں۔اسحاق ڈار نے کہاکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا اور بیرونی چیلنجز کے باوجود معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہ، پاکستان کاروبار کیلئے تیار ہے۔
اہم خبریں سے مزید