اسلام آباد(کامرس رپورٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان اور چین کو سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے پانچ سیاسی کوریڈور کے قیام کی تجویز پیش کر د ی ، انہوں نے کہا کہ سیاسی راہداریاںسٹریٹجک ہم آہنگی، پالیسی تسلسل، قیادت کے تبادلوں اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کیلئے ادارہ جاتی پلیٹ فارم فراہم کریں گیپاک چین سفارتی تعلقات کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پر بیجنگ میں منعقدہ “چائنا پاکستان پولیٹیکل پارٹیز فورم” اور “سی پیک پولیٹیکل پارٹیز کنسلٹیشن میکنزم” کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےحسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی پاکستان کے اندر ایک مضبوط اور غیر معمولی قومی اتفاقِ رائے کی حیثیت رکھتی ہے، جس کی حمایت تمام سیاسی جماعتیں مکمل یکجہتی کے ساتھ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اندرونی سیاسی معاملات پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں، لیکن چین اور پاک چین دوستی کے معاملے پر تمام جماعتیں مکمل ہم آہنگی، احترام اور مشترکہ وژن کے ساتھ متحد ہیں، یہ اس بات کا مظہر ہے کہ چین کو پاکستان کی سیاسی اور عوامی سطح پر غیر معمولی خیرسگالی حاصل ہے، پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے سی پیک کی حمایت اس منصوبے کی کامیابی اور تسلسل کی بڑی وجہ ہے، جس سے چین کو یہ اعتماد حاصل ہوتا ہے کہ پاکستان کا عزم سیاسی تبدیلیوں اور حکومتوں کے بدلنے سے بالاتر ہے۔