کراچی (نیوز ڈیسک) اسرائیلی حملوں سے جنوبی اور مشرقی لبنان لرز اٹھا، 11افراد شہید، گذشتہ روز ہوئے سیر الغربیہ حملے میں 6خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے، نبطیہ میں لبنانی سول ڈیفنس کا علاقائی مرکز تباہ، صہیونی فوج کا دعوی کیا کہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور جنوبی لبنان اور وادی بقاع سے انخلا کی وارننگ جاری کردی۔ لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اتوار کو اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ ایک روز قبل جنوبی قصبے سیر الغربیہ میں ہونے والے ایک شدید حملے میں 11افراد کی شہادت کی تصدیق ہوگئی۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق شہید ہونے والوں میں ایک بچہ اور 6خواتین شامل ہیں جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے جن میں 4بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے باوجود دعویٰ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، جبکہ حزب اللہ کی جانب سے بھی جنوبی لبنان اور سرحدی علاقوں میں اسرائیلی فوجی اہداف پر راکٹ حملوں کی اطلاعات ہیں۔ لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق نبطیہ اور زوطر الشرقیہ سمیت کئی علاقوں میں شدید بمباری ہوئی۔