ملتان (سٹاف رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی کے موقع پر شہر اولیامیں مثالی صفائی انتظامات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لیں، ضلع ملتان میں عید کے تین روز کے دوران 12 ہزار ٹن سے زائد قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانے کا ہدف مقرر کردیا گیا ہے، آلائشوں کی محفوظ تلفی یقینی بنانے کیلئے بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ شہر بھر کے گلی محلوں میں شہریوں کو مفت بائیوڈی گریڈایبل بیگز فراہم کیے جارہے ہیں،سی ای او ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ذوالفقار احمد نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا اور شہریوں میں خود بائیوڈی گریڈ ایبل بیگز تقسیم کئے،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی مہم جاری ہے اور شہری قربانی کے فوری بعد آلائشیں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فراہم کردہ بیگز میں ڈالیں۔