ملتان(سٹاف رپورٹر ) سماجی تنظیم ایکشن اگینسٹ پاورٹی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سرفراز کلیمنٹ نے کہا ہے کہ مسیحی میرج ایکٹ 1860ءکا قانون ہے جو موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا، حکومت مسیحی میرج ایکٹ میں فوری اصلاحات کرے تاکہ اسے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اقلیتی سماجی رہنما شہزاد فرانسس اور ڈیوڈ قمر بھی ہمراہ تھے، مقررین نے مزید کہا ہے کہ موجودہ قانون میں شادی کی رجسٹریشن، طلاق، وراثت اور دیگر خاندانی معاملات کے حوالے سے واضح اور جامع شقیں موجود نہیں ہیں جس کے باعث مسیحی شہریوں کو مشکلات پیش آتی ہیں، سرفراز کلیمنٹ نے کہا کہ انسانی حقوق کے تقاضے ہیں کہ تمام اقلیتوں کو مساوی قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔