منی، اسلام آباد(شاہد نعیم، رانا غلام قادر) حج2026 کے مناسک کی ادائیگی کا آغاز ہو چکا ہے۔ حجاج کرام قافلوں کی صورت میں مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے،نماز ظہر،عصر،مغرب اور عشاء منیʼمیں ادا کئیے،رات بھر فضا لبیک اللہم لبیک کی صداؤں سے گونجتی رہی، عازمین نے زیادہ تر وقت اپنی عبادات، تلاوت قرآن میں گزارا، منیٰ میں گرمی کی شدت سے حجاج کو محفوظ رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکار ان پر پانی کا چھڑکاؤ بھی کر تے رہے۔ پیر کے روز8 ذوالحج کو پاکستانی عازمینِ حج نے منیٰ میں یومِ ترویہ عبادات میں گزارا۔شدید گرمی کے باعث عازمینِ حج نے دن کا بیشتر وقت خیموں میں گزارا۔شام کو موسم خوشگوار ہوتے ہی منیٰ کی گلیوں اور سڑکوں پر عازمینِ حج کی چہل پہل بڑھ گئی ۔دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں۔پاکستانی عازمینِ حج نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں،منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب اولین قافلوں کی روانگی سر شام شروع ہو گئی ۔آج 9ذوالحج کو عازمینِ حج رکن اعظم وقوفِ عرفات کریں گے۔آج ظہر کی نماز سے قبل تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے۔منی میں بعض ھاجیوں نے شکایت کی کہ انہیں رہائش نہیں دی گئی تاہم بعد ازاں وزارت مذہبی امور کے حکام نے انہیں سیٹل کرادیا۔، سعودی وزارت صحت نے حجاج کرام کے لیے طبی حالت کی شناخت کرنے والا کڑا (میڈیکل آئی ڈی بریسلیٹ) پہننے کی اہمیت پر زور دیا ہے کیونکہ یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو طبی اور ہنگامی امداد فراہم کرنے والی ٹیموں کو صحت سے متعلق معلومات تک تیزی سے رسائی اور ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے میں مدد دیتا ہے۔