• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی و گیس کا مجموعی گردشی قرضہ 5100، بیرونی قرضہ 137 ارب ڈالر ہوگیا

اسلام آباد (تنویر ہاشمی ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ میں انکشاف کیاگیا کہ بجلی اور گیس کا مجموعی گردشی قرضہ 5100ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ برس تین ہزار 500ارب روپے تھا جبکہ مجموعی بیرونی قرضہ 137ارب 56کروڑ ڈالر ہے ، بتدریج معاشی بحالی کے آثار کے باوجود پاکستان اب بھی “غیر مستحکم معاشی استحکام” کے راستے پرہے ، قائمہ کمیٹی کا ٹیکس بیس بڑھانے کے بجائے ان ڈائر یکٹ ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیوی پر مسلسل انحصار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ،چیئرمین نے گردشی قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ، سرکاری اداروں میں اصلاحات کی سست رفتار،مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے باعث بڑھتے ہوئے سماجی و معاشی دباؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا، قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے لیے پاکستان کی معاشی صورتحال اور مالی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں ابھرتے ہوئے معاشی خطرات، آئی ایم ایف پروگرام کی کارکردگی، اور بنیادی اصلاحات کی ضروریات پر خصوصی توجہ دی گئی۔بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ بتدریج معاشی بحالی کے آثار کے باوجود پاکستان اب بھی “غیر مستحکم استحکام” کے راستے پر ہے۔ مالی سال 2026-27 کے لیے جی ڈی پی نمو کی شرح 3.5فیصد سے 4.5فیصد کے درمیان متوقع ہے، جبکہ مہنگائی دوبارہ دو ہندسوں میں داخل ہو چکی اور اپریل 2026 میں سالانہ بنیاد پر 10.9فیصد تک پہنچ گئی۔
اہم خبریں سے مزید