کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایک نیا علاقائی نظام ترتیب دیا جارہا ہے۔ نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا کہ ٹرمپ کے نئے مطالبے نے ایران سمیت امن کی کوششیں کرنیوالے ممالک کو بھی مایوس کیا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بدلتے ہوئے بیانات جلد معاہدے کی امید کے بعد ایران امریکا مذاکرات میں ایک بار پھر غیر کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ابراہیم اکارڈز کا معاملہ لے آئے۔ باقر قلیباف اور عباس عراقچی کا قطر کا غیر معمولی دورہ اور اہم ملاقاتیں ہوئیں تاکہ ممکنہ معاہدے کے تحت منجمد ایرانی فنڈز کی بحالی پر بات کی جاسکے۔ امریکی اہلکا رکے مطابق ٹرمپ نے کانفرنس کال میں رہنماؤں سے کہا کہ ایران جنگ ختم ہونے کے بعد وہ توقع رکھتے ہیں کہ تمام ممالک جو ابھی تک ابراہام اکارڈ کا حصہ نہیں ہے وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لئے راضی ہوجائیں گے۔