• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیجی جنگ کے بعد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں سے 72 ارب کے غیر معمولی منافع کی وصولی پرغور

اسلام آباد(مہتاب حیدر) آئندہ بجٹ سے قبل وزیر اعظم نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو کراس سبسڈی کے نظام کا جائزہ لے گی اور خلیجی جنگ کے بعد عالمی تیل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کی جانب سے حاصل کیے گئے مبینہ 72 ارب روپے کے غیر معمولی منافع کی وصولی پر غور کرے گی۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی یہ کمیٹی آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق بڑے مالیاتی اور معاشی امور کا بھی جائزہ لے گی، جن میں اخراجات میں کفایت شعاری، ترقیاتی اخراجات کی ترجیحات، توانائی شعبے میں اصلاحات اور مختلف وزارتوں و ڈویژنز میں رائٹ سائزنگ اقدامات کا نفاذ شامل ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، جبکہ اقتصادی امور، منصوبہ بندی اور قانون کے وزرا اس کے ارکان ہوں گے۔ سابق بیوروکریٹ مشرف رسول کو چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری بجٹ بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید