اسلام آباد (صالح ظافر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، جو ایران کے مسلسل دو دوروں کے بعد دو روز قبل ہی تہران سے واپس لوٹے تھے، اب سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ محسن نقوی، جو مشرق وسطیٰ میں پاکستان کی امن کوششوں میں ایک زیرک سفارت کار کے طور پر ابھرے ہیں اور جنہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امن کاوشوں میں ان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، کوئٹہ سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ وہ اتوار کو کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے، جس میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا تھا، کے بعد وہاں زمینی صورتحال کا جائزہ لینے گئے تھے انتہائی باوثوق ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ محسن نقوی حجازِ مقدس میں فریضۂ حج ادا کر رہے ہیں۔ آمد پر سعودی حکام کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، مقدس شہر پہنچنے کے فوراً بعد محسن نقوی کے سعودی ہم منصب، شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود نے ان سے ملاقات کی۔