• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمرجنسی آپریشن کرنا ہو تو ایچ آئی وی ٹیسٹ پہلے کروانا ضروری نہیں‘ ڈاکٹر مسعود ہراج

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر اور سربراہ شعبہ سرجری نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے کہا ہے کہ حالیہ ایچ آئی وی مریض کی سرجری میں ایس او پیز کو مکمل دھیان میں رکھ کر ایمرجنسی سرجری کی گئی ہے ، حکومت سے درخواست ہے عالمی سطح کے ایکسپرٹ پر مشتمل کمیٹی بنا کر انٹرنیشنل گائیڈ لائنز کے مطابق انکوائری کروائے اگر ایک فیصد بھی غفلت ثابت ہو تو بے شک معطل کئے تمام جونئیر ڈاکٹرز کو بحال کر کے مجھے برطرف کر دیں جونئیر ڈاکٹرز کیساتھ کھڑے ہیں ان کے خلاف جلدی میں کی جانے والی کارروائی پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر ہسپتال کینٹین پر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ منفی پراپیگنڈا کے بعد ایچ آئی وی کے مریض چھپنا شروع ہو گئے ہیں علاج نہیں کروا رہے ،ایک مریض کو چاقو اور گولی لگ کر آتی ہے تو کیا ہم دو روز انتظار کریں گے رپورٹ کا یا اس کی جان بچائینگے ،حکومت سے مطالبہ ہےکہ سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز کی حوصلہ شکنی نہ کریں، ایمرجنسی آپریشن کرنا ہو تو ایچ آئی وی ٹیسٹ پہلے کروانا ضروری نہیں ہے ، ہمارے کچھ دوستوں کو غلط فہمیاں ہیں ،یہ لوگ نشتر کی اور غریب مریضوں کی بہتری نہیں چاہتے، اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی ایم اے ملتان ڈاکٹر عمران حیدر قیصرانی نے کہا کہ ملتان میں ایچ آئی وی پی سی آر کی تا حال سہولت نہیں ہے، ایس او پیز بھی یہی بناتے ہیں کہ ایچ آئی وی رپورٹ نہ آنے کی صورت میں احتیاط کے مطابق سرجری کی طرف جا سکتے ہے‘پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ 27 مریض متاثر ہوئے ہیں ،اس موقع پر پی ایم اے پنجاب کے نائب صدر ڈاکٹر رضوان شریف نے کہا کہ ایچ آئی وی کا جرثومہ سٹرلائزیشن سے مر جاتا ہے، اس موقع پر پروفیسر طارق وقار ، ڈاکٹر مقبول عا لم ، ڈاکٹر زاہد خان ،نجیب چشتی‘ وسیم اشرف‘ اطہر کلیم‘ یوسف لغاری ،مطلوب مغل ،وقار نیازی سمیت ڈاکٹرز کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ملتان سے مزید