کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں جاری احتجاجی تحریک کے تسلسل میں بدھ کو عیدالاضحی کے دن 12بجے، ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے اساتذہ، افسران، ملازمین کا ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں اپنے مطالبات کے لیے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے سیمسٹر امتحانات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے تاہم بیشتر شعبوں میں کواپیریٹو، جز وقتی، پارٹ ٹائمر اور کنٹریکٹ اساتذہ باقاعدگی سے امتحانات لے رہے ہیں۔ تاہم دلچسپ امر ہے کہ بائیکاٹ کے باوجود جامعہ کے کئی ریگولر اساتذہ نے کالجز کے عملی امتحانات اور بی ایڈ کے امتحانات لیے ان کا بائیکاٹ صرف جامعہ کراچی کے سیمسٹر امتحانات کے لیے ہے۔ ادہر معلوم ہوا ہے کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی جانب سے خصوصی فنڈز کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ چیف سکریٹری اور وزیر جامعات و بورڈز سے درخواست کی تھی اس کا تاحال کوئی جواب نہیں ملا ہے۔