کراچی (نیوز ڈیسک) مشرقی لبنان پر اسرائیلی حملے، 12شہید، مجموعی تعداد 3100سے متجاوز ، بقایہ وادی کے گاؤں مشغرہ پر شدید فضائی بمباری، اسرائیل کا حزب اللہ کے 100ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں بھی گولہ باری اور فضائی حملے،نبطیہ شہر کے رہائشیوں کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنان کے مشرقی علاقے بقایہ وادی کے گاؤں مشغرہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ لبنانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کی شب ہونے والے حملوں میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا اور کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بقایہ وادی اور جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے 100 سے زائد انفراسٹرکچر مقامات اور جنگجوؤں کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب جنوبی لبنان کے آرنون، یحمر الشقیف، زوطر الشرقیہ، میفدون، شاہور اور صریفہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی شدید گولہ باری اور فضائی حملے کیے گئے۔