پشاور (آئی این پی+این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے 50 سے زائد ایم پی ایزنے وزیراعلی سہیل آفریدی کیخلاف گروپ بنالیا۔ ایک ٹی وی چینل کے مطابق خیبر پختونخوا کی سیاست میں ایک بڑا اپ سیٹ سامنے آیا، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے 50 سے زائد اراکینِ صوبائی اسمبلی نے وزیراعلی کے پی کے خلاف ایک الگ گروپ قائم کر لیا ہے۔ جس کے بعد صوبائی حکومت کے لیے آئندہ بجٹ کی منظوری میں شدید مشکلات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، پارٹی کے اندرونی حلقوں میں اس وقت شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور خود بانی پی ٹی آئی بھی وزیراعلی سہیل آفریدی کی کارکردگی سے سخت نالاں دکھائی دیتے ہیں۔ اراکینِ اسمبلی کے اس بڑے گروپ کے سامنے آنے کے بعد وزیراعلی سہیل آفریدی شدید سیاسی دبا کا شکار ہیں اور اپنی حکومت بچانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ وزیراعلی نے اسی سیاسی بحران اور مشکل سے نکلنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایک اہم ملاقات بھی کی ہے۔