راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)اسلام آباد سے اغوا کی جانے والی کم سن بچی کو ایبٹ آباد سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ گولڑہ کے علاقہ میں بچی کے اغوا کا واقعہ سامنے آنے پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر زون کاظم نقوی کی زیر نگرانی پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں ،جنہوں نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کے جدید کیمراجات اور انسانی ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا، اس دوران پولیس ٹیموں نے مختلف مشتبہ علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کیے، سائنسی خطوط پر کی جانے والی اس تفتیش کے نتیجے میں پولیس نے خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے کمسن بچی کو بحفاظت تحویل میں لے لیا گیا، مغویہ بچی کی بحفاظت واپسی پر والدین نے شدید جذباتی مناظر کے دوران اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔