راولپنڈی(حافظ وسیم اختر,سٹاف رپورٹر )سٹی پولیس آفیسر سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر شہر کے تمام چھوٹے بڑے بس اڈوں کی سخت مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جنہوں نے پیر ودھائی جنرل بس سٹینڈ اور پشاور روڈ سمیت مختلف اڈوں پر قائم مانیٹرنگ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا اور وہاں تعینات پولیس افسران سمیت اڈہ مینجرز کو سخت ہدایات جاری کیں۔سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کا کہنا ہے کہ شہر میں داخل ہونے اور باہر جانے والے تمام مسافروں کے مکمل کوائف کا ڈیٹا ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں کی ویڈیو گرافی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اب تک 3 بس سٹینڈز کو سیل کیا جا چکا ہے۔عید الاضحی ٰکے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی پی او نے بتایا کہ مختلف مقامات پر اوور چارجنگ کرنے پر 187 افراد کو بھاری جرمانے کیے گئے جبکہ قانون شکنی پر 13 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ پولیس نے ٹرانسپورٹرز کی طرف سے شہریوں سے اوور چارجنگ کی مد میں ہتھائی گئی 67 ہزار روپے کی رقم بھی موقع پر واپس دلوائی۔