کراچی (بابر علی اعوان) شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ریبیز سے بچاؤ کے ناکافی اقدامات نے ایک اور قیمتی جان لے لی۔ نیو کراچی کے علاقے علی گوٹھ کا رہائشی 14 سالہ لڑکا علی فہد ریبیز کے باعث جناح اسپتال میں انتقال کر گیا، جس کے بعد سندھ میں رواں سال ریبیز سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 10ہو گئی ہے۔ مسلسل ہلاکتوں نے صوبے میں ریبیز کنٹرول پروگرام اور آوارہ کتوں کی روک تھام کے اقدامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق علی فہد کو کچھ عرصہ قبل کتے نے کاٹا تھا جس کے بعد اسے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا، جہاں مبینہ طور پر اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگائی گئی۔ تاہم اس کے باوجود علی فہد کی حالت بگڑتی گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔