کراچی (بابر علی اعوان)عیدالاضحیٰ ، غیر محتاط خوراک سے اسپتالوں میں مریضوں کا رش۔ گیسٹرو، ڈائریا اور بدہضمی کے کیسز میں اضافہ، بزرگ افراد، دل کے مریض، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو خوراک میں خصوصی احتیاط برتنی چاہئے، ماہرین صحت۔ تفصیلات کے مطا بق عیدالاضحیٰ کے دوران گوشت کے زیادہ استعمال، بے احتیاطی اور غیر متوازن خوراک کے باعث کراچی سمیت مختلف شہروں میں گیسٹرو، ڈائریا اور بدہضمی کے مریض بڑھ گئے۔ عید کے ابتدائی دنوں سے لے کر چوتھے روز تک سرکاری و نجی اسپتالوں کے شعبہ حادثات میں بدہضمی، گیسٹرو، ڈائریا، پیٹ درد، تیزابیت اور دیگر ہاضمے کے مسائل کے مریضوں کی آمد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، سول اسپتال کراچی اور عباسی شہید اسپتال سمیت دیگر میں متعدد مریضوں کو ان شکایات کے ساتھ طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض مریض دل، ذیابیطس اور بلند فشار خون جیسی بیماریوں میں مبتلا تھے جن کی حالت خوراک میں بے احتیاطی کے باعث متاثر ہوئی۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر چکنائی سے بھرپور غذاؤں، باربی کیو، کلیجی اور گوشت کے مسلسل استعمال کے ساتھ ساتھ کولڈ ڈرنکس اور بازاری کھانوں کا زیادہ استعمال ہاضمے کے مسائل کو بڑھا دیتا ہے۔ بزرگ افراد، دل کے مریض، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو خوراک میں خصوصی احتیاط برتنی چاہئے کیونکہ غیر متوازن غذا ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گوشت کا استعمال اعتدال کے ساتھ کریں، پانی زیادہ پئیں، پھلوں اور سبزیوں کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں اور صفائی کے اصولوں کا خیال رکھیں تاکہ عید کی خوشیوں کے دوران صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جاسکے۔