ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے زیر تعمیر ملتان۔وہاڑی روڈ منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا، اس موقع پر متعلقہ افسران اور پراجیکٹ حکام نے منصوبے پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نے ملتان‘ وہاڑی اور خانیوال اضلاع پر مشتمل 90 کلومیٹر سے زائد طویل شاہراہ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی پنجاب میں آمدورفت کی سہولت، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور عوامی رابطوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان۔ وہاڑی روڈ منصوبے کا تقریباً 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کو 30 جون تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،کمشنر نے میتلہ چوک سے ٹبہ سلطان پور تک زیر تعمیر 9 کلومیٹر طویل حصے کا خصوصی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سیکشن پر تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔