• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر کی زیر صدارت ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے جائزہ اجلاس

ملتان (سٹاف رپورٹر)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت، معیار تعمیر، متوقع تکمیل اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے بوسن روڈ تا کمپری ہینسو سکول لنک روڈ منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے میں آرائشی پودوں کے بجائے مقامی، سایہ دار اور ماحول دوست درخت لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس اور کمرشل ایریاز کی خوبصورتی کے لیے ایسا پلان اختیار کیا جائے جو پائیدار اور عوامی ضرورت کے مطابق ہو۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بوسن روڈ تا کمپری ہینسو سکول لنک روڈ منصوبہ 41.51 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہے اور اس پر کافی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ منصوبے کی تکمیل جون کے آخر تک متوقع ہے۔ کمشنر نے ممتاز آباد فلائی اوور بحالی منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے فلائی اوور پر کارپٹنگ، لین مارکنگ، کیٹ آئیز، گرلز، پینٹنگ اور خوبصورتی کے تمام کام اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
ملتان سے مزید