ملتان (سٹاف رپورٹر ) تھانہ بارہ میل خانیوال میں درج زیادتی کے مقدمے کے مدعی فریق نے ملتان کچہری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت اپنے خلاف درج مقدمے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔متاثرہ سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بھانجی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ حقیقی تھا اور اسی بنیاد پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں اہل علاقہ اور معززین کی منت سماجت پر اللہ کی رضا کے لیے مرکزی ملزم کو معاف کر دیا گیا اور راضی نامہ کر لیا گیا۔ کیونکہ ملزمان نے دھمکیاں بھی دی تھیں بچی کی ویڈیوز وائرل کردی جائیں گی جس پر صلح کی گئی سلیم کا کہنا تھا کہ راضی نامہ ہونے کے بعد پولیس نے الٹا ان کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر دیا، حالانکہ ان کی اور متاثرہ لڑکی کا زندگی میں یہ پہلا مقدمہ ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بلاجواز قصوروار ٹھہرایا جا رہا ہے اور صرف راضی نامہ کرنے کی بنیاد پر کارروائی کی گئی ہے۔متاثرہ خاندان نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔