ملتان(سٹاف رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں حکومتی اداروں کے تعاون سے طالبات کو با اختیار بنانے کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ ،اس حوالے سے ممبر صوبائی اسمبلی سلمیٰ سعید نے ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول سے ملاقات کی، ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، طالبات کی فلاح و بہبود، ذہنی صحت سے متعلق سہولیات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااس موقع پر سلمیٰ سعید نے طالبات کی ذہنی صحت اور سماجی فلاح کے حوالے سے خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ذہنی دباؤ، سماجی مسائل اور تعلیمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں میں موثر رہنمائی اور آگاہی پروگراموں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ویمن یونیورسٹی ملتان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ذہنی طور پر مضبوط اور بااعتماد بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،وائس چانسلرز ڈاکٹر شاہدہ بتول نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان طالبات کو معیاری تعلیم، جدید تحقیق اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔