• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹاپ اسٹارز سے محروم کینگروز نے بھی پاکستان کو چت کردیا، سیریز ایک ایک سے برابر

کراچی (عبدالماجدبھٹی) چھ صف اول کے کھلاڑیوں سے محروم ، نسبتاً کمزور اور غیر معروف کھلاڑیوں پر مشتمل آسٹریلوی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو حیران کرتے ہوئے دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل41 رنز سے جیت کر سیریز ایک ایک میچ سے برابرکردی۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9وکٹ پر231رنز بنائے ۔ بابر اعظم اور سلمان آغا سمیت پاکستان کے بڑے بیٹرز ہوم گراؤنڈ پر ناکام ہوئے۔ شاداب خان ناقدین کا جواب دیتے ہوئے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے71 رنز بناکر تنویر سنگھا کا شکار بنے۔ پاکستانی ٹیم نے اسپن پچ بناکر مہمان ٹیم کو پھنسانے کی کوشش کی تھی لیکن وہ اپنے جال میں خود پھنس گئے۔ ہوم سائیڈ 44اوورز میں190رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولر ناتھن ایلس نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے33رنز دے کر چار ، میتھیو شارٹ نے36 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ فیصلہ کن میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔ چھ وکٹیں جلد گرنے کے بعد شاداب خان اور عرفات منہاس نے59رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔عرفات منہاس نے33رنز بناکر ایلس کا تیسرا شکار بنے۔ انہوں نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئےچار چوکے مارے ۔ اوپنر معاذ صداقت صفر اور صاحبزادہ فرحان تین رنز بناسکے۔ بابر اعظم 16گیندوں پر16رنز بناکر ایلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ سلمان علی آغا کو شارٹ نے سات رنز پر بولڈ کردیا۔ عبدالصمد دو رنز بناکر شارٹ کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہوئے۔58رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ غازی غوری نے 48گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے37رنز بناکر بیٹنگ لائن کو سہارا دیا ۔ شاہین آفریدی11، حارث روف صفر پر آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کینگروز نے 9وکٹ پر231رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 36رنز دے کر تین، حارث رؤف نے49 اور عرفات منہاس 27 اور ابرار احمد نے 34 رنز کے عوض دو، دو وکٹ لیے۔ شاداب خان سب سے مہنگے بولرثابت ہوئے انہوں نے9 اوورز میں 56رنز دیئے اور وکٹ نہ لے سکے۔ کیمرون گرین نے53رنز بنائے۔ انہوں نے92گیندوں پردو چھکے اور ایک چوکا مارا۔ میٹ رنشا 43گیندوں پر43رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اولیور پیک نے32گیندوں پر31رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے پہلی گیند پر ایلکس کیری کو بولڈ کردیا۔ میتھیو شارٹ 15رنز بناکر ابرار احمد کی گیند پر کاٹ اینڈ بولڈ ہوئے۔ مارنس لیبو شین پانچ رنز بناکر سلمان آغا کا کیچ بنے ۔ کپتان جوش انگلس 51رنز بناکر عرفات کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ انہوں نے پانچ چوکے مارے۔ گرمی کی وجہ سے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر غازی غوری کچھ دیر کیلئے فیلڈ سے باہر گئے ۔ میڈیکل اسٹاف نے ان کا معائنہ کیا۔ ان کی جگہ روحیل نذیر وکٹ کیپنگ کی ۔ پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آسٹریلیا نے بلی اسٹینلیک کی جگہ ایڈم زیمپا کو ٹیم میں شامل کیا ۔

اسپورٹس سے مزید