راولپنڈی (حافظ وسیم اختر،اسٹاف رپورٹر) اڈیالہ جیل میں حوالاتیوں کو بیرک سے باہر چھوڑنے پر چیف وارڈر کو ملازمت سے فارغ جب کہ وارڈر کو برطرف کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں ڈیوٹی کے دوران سنگین غفلت، لاپرواہی اور نااہلی کا معاملہ سامنے آیا، مئی 2026 میں سینٹرل جیل راولپنڈی کی بیرک نمبر 6، 7 اور 8 کے چیف انچارج چیف وارڈر حفیظ اللّٰہ اور بیرک نمبر 7 کے انچارج وارڈر لیاقت علی نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے رول نمبر 704 کے تحت لاک اپ کے طے شدہ قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔
وارڈر لیاقت علی نے لاک اپ کا وقت ختم ہونے کے بعد بیرک نمبر 7 کو کھولا اور 2 حوالاتیوں ندیم ولد بنارس اور اسد ولد عالم کو باہر نکالنے کے بعد بیرک کو مناسب طریقے سے بند نہیں کیا۔