اسلام آباد (ناصر چشتی )بجلی کمپنیوں میں ناقص کارکردگی والے افسران کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع،وفاقی وزیر برائے توانائی، سردار اویس احمد خان لغاری نے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سب ڈویژنل افسران (SDOs) اور ایکسیئن (XENs) کے خلاف فوری طور پر تادیبی کارروائی کی ہدات کر دی ،وفاقی وزیر کی ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پشاور اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی نے قومی ʼ118 کال سینٹر سسٹم پر درج ہونے والی صارفین کی شکایات کے ازالے میں ناکامی اور غفلت برتنے پر اپنے خراب کارکردگی کے حامل افسران کو معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی ہے، دیگر تمام تقسیم کار کمپنیاں بھی اپنے اپنے دائرہ اختیار میں ایسے ہی نااہل افسران کے خلاف تادیبی اقدامات کے عمل کو حتمی شکل دے رہی ہیں۔وفاقی وزیر کی جانب سے یہ احکامات کسٹمر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم یعنی پاکستان کے قومی 118 کال سینٹر سے حاصل کردہ ڈیٹا کے جامع اور ذاتی جائزے کے بعد جاری کیے گئے۔