اسلام آباد (صالح ظافر) ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مغرب ایشیا میں درپیش دورِ حاضر کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاک-ایران دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے علاقائی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز (سی آئی ایس ایس) کے زیرِ اہتمام ’’پاک-ایران تعلقات اور مغربی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام‘‘ کے موضوع پر منعقدہ گول میز کانفرنس سے جمعہ کے روز اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے مذاکرات کی سہولت کاری اور علاقائی امن و استحکام کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ مثبت اور تعمیری سفارتی کردار ادا کیا ہے۔