• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ANF کو نئی بھرتیوں سے عارضی طور پر روک دیا

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کو نئی بھرتیوں سے عارضی طور پر روک دیا۔ عدالت نے کہا کہ بھرتیوں کے اشتہار پر عملدرآمد پروموشن سے متعلق مرکزی درخواست پر حتمی فیصلے تک معطل رہے گا۔ جسٹس محمد اعظم خان نے اے این ایف کے کانسٹیبل محمد شفیق خان کی آسامیوں پر بھرتی کے اشتہار پر عملدرآمد روکنے کی متفرق درخواست نمٹا دی جبکہ مرکزی کیس 22 اگست کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔۔ درخواست میں وزارتِ داخلہ، قانون اور ڈائریکٹر جنرل اے این ایف کو فریق بنا تے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ محکمے میں 665 کانسٹیبلز کی سینیارٹی لسٹ میں درخواست گزار کانمبر 232 ہے ،وہ اے این ایف میں گزشتہ 10 سال سے ایک ہی عہدے پر کام کر رہا ہے اور اسے کوئی ترقی نہیں ملی ، ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس بلائے بغیر نئی براہِ راست بھرتیوں کا اشتہار دینا غیر قانونی ہے۔ اے این ایف سروس رولز تحت پہلے سے موجود ملازمین کی ترقی کا حق ختم کر کے براہِ راست بھرتی کا اشتہار دیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ دیگر اداروں سے ڈیپوٹیشن پر افسران کی غیر قانونی انٹری روک کر سویلین ملازمین کا سروس سٹرکچر بحال کیا جائے، اے این ایف کا جاری کردہ حالیہ بھرتیوں کا اشتہار غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور خالی آسامیوں پر محکمانہ ترقیوں کیلئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی فوری تشکیل دینے کا حکم جاری کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید