ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان پولیس کی موثر حکمت عملی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیوں اور جدید پولیسنگ نظام کے مثبت نتائج سامنے آ گئے ہیں، جس کے باعث ضلع میں مجموعی جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،اعداد و شمار کے مطابق 01 جنوری 2026 سے 03 جون 2026 تک مجموعی طور پر 15,094مقدمات رپورٹ ہوئے، جبکہ گزشتہ سال 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 29,557تھی۔ اس طرح مجموعی جرائم میں 14,463مقدمات کی کمی کے ساتھ 49فیصد واضح کمی سامنے آئی ہے، سنگین نوعیت کے جرائم میں بھی خاطر خواہ کمی دیکھی گئی ہے، جو 2025 میں 9,720 سے کم ہو کر 2026 میں 3,976 رہ گئے، یعنی 59 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ڈکیتی اور ہاؤس رابری کے واقعات میں 69 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 57 فیصد کمی کے ساتھ تعداد 2,169 سے کم ہو کر 934 تک آگئی، جبکہ گھریلو چوری کے واقعات میں 51 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی اور یہ 1,938 سے کم ہو کر 941 رہ گئے،اسی طرح دکانوں میں چوری کے واقعات میں 45 فیصد کمی دیکھی گئی۔