ملتان ،میلسی، کوٹ ادو، دھنوٹ(سٹاف رپورٹر ،نامہ نگاران)ملتان سمیت مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی آندھی ، ایک شخص زخمی،پولز گرنے کے سبب بجلی کی بندش سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تیز آندھی کے باعث کوٹ ادو میں تونسہ موڑ کے قریب ہارڈویئر شاپ کی چار دیواری منہدم ہو گئی اور اس کے ملبے تلے دبنے سے ایک گاہک زخمی ہو گیا،زخمی کی شناخت محمد اشرف ولد محمد رمضان کے نام سے ہوئی، ادھر میلسی میں تیز آندھی اور بارش کے سبب ککری فیڈر پر بجلی کے دو پول اور 11کے وی کا کنڈکٹر ٹوٹنے کی وجہ سے میلسی گرڈ سٹیشن سے 22فیڈرز بند کر دیے گئے، بجلی کی بندش سے شہری اور دیہی علاقوں میں اندھیرا چھا گیا، میپکو ترجمان کے مطابق فیڈر کی بندش حفاظتی نقطہ نظر سے کی گئی، لائن سٹاف اور فیلڈ آفیسر مرحلہ وار بجلی بحال کرنے کے لیے کام میں مصروف ہیں، دوسری جانب گزشتہ شب تیز آندھی کے باعث دھنوٹ کے علاقے منشی والی پل کے قریب دو درخت سڑک پر گر گئے جس سے آمدورفت متاثر ہوئی، ریسکیو اہلکار درختوں کو سڑک سے ہٹانے اور ٹریفک کی روانی بحال کرنے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ریسکیو ٹیم احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ملتان میں بھی دوسرے روز تیز آندھی دن میں رات کا سماں ہو گیا،آندھی کے باعث کئی علاقوں کی بجلی بند ،شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،آندھی کے بعد موسم خوشگوار ،گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ملتان میں بدھ کی شام اچانک گرد آلود آندھی کے ساتھ ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مغربی سمت سے چلنے والی ہوا کی زیادہ سے زیادہ رفتار 52 ناٹ (97 کلومیٹر فی گھنٹہ) ریکارڈ کی گئی۔ شدید آندھی کے باعث متعدد مقامات پر سولر پلیٹس اڑ گئیں جبکہ درختوں کی شاخیں بھی ٹوٹ گئیں۔ آندھی اور تیز ہواؤں کے باعث آم کے باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔