• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین بورڈ سے ملاقاتیں، یونس خان، محمد حفیظ کی کرکٹ سیٹ اپ میں واپسی؟

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ کے محاذ پر بہت باتیں ہورہی ہیں، لیکن مبصرین کے مطابق ابھی بہت سارا پانی پلوں کے نیچے سے گذرنا باقی ہے جس کے بعد دو سابق کپتان یونس خان اور محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے دوسری اننگز شروع کرسکتے ہیں؟۔ بورڈ کے انتہائی با اثر افسر نے جنگ کے استفسار پر بتایا کہ میڈیا میں بہت کچھ چل رہا ہے لیکن ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ انہیں کیا رول دیا جائے گا ، اس بارے میں فیصلہ محسن نقوی خود کریں گے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق یونس خان اور محمد حفیظ سے چیئرمین محسن نقوی نے اپنی انتظامی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی۔ یونس خان کراچی سے خاص طور پر لاہور گئے ۔ انہیں تلاش کرنے کیلئے حکام نے ان کے دوست سے رابطہ کیا اور فون نمبر حاصل کیا۔ ذرائع کے مطابق یونس خان کو ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ اور محمد حفیظ کو پی سی بی کا ڈائریکٹر بنانے کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ پی سی بی نے ان سے جو ابتدائی بات چیت کی ہے ۔ دونوں ہی ہارڈ لائنر رہے ہیں اور اپنی شرائط پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ یونس خان پی سی بی حکام سے گذشتہ چار ماہ سے رابطے میں ہیں پھر اچانک بات چیت میں ڈیڈ لاک پیدا ہوگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی انہیں نئی ذمے داریوں اور معاہدے کی تفصیل بتائیں گے، یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دونوں معاہدے کیلئے تیار ہیں۔ محسن نقوی کی وطن واپسی کے بعد یہ اور پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں مزید تبدیلیوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یونس خان ماضی میں پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ جبکہ محمد حفیظ ، ذکا اشر ف کے دور میں ڈائریکٹر کرکٹ رہ چکے ہیں۔ ادھر وائٹ بال ٹیم کے بیٹنگ کوچ حنیف ملک اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوگئے ہیں ان کی جگہ نئی تقرری کیلئے اشتہار دیا جاچکا ہے۔

اسپورٹس سے مزید