• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں مقیم تارکینِ وطن آزاد کشمیر کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں، پاکستان

پاکستان نے برطانیہ میں مقیم بعض تارکینِ وطن کے آزاد کشمیر پر غیر ذمہ دارانہ بیانات پر اظہار تشویش کیا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں غیر ضروری ریمارکس کو مسترد کرتا ہے، ان افراد کو مشورہ ہے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔ 

ترجمان نے کہا کہ یہ افراد اپنے ملک کی مثبت ترقی میں کردار ادا کریں، پاکستان بعض برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کے غیر ضروری بیانات اور سوالات کا بھی نوٹس لیتا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ بیانات برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ کے اس مسئلے کے تاریخی پس منظر سے عدم واقفیت کے عکاس ہیں۔ نو آبادیاتی دور کی سوچ رکھنے والوں کو یاد دلانا ضروری ہے کہ پاکستان خود مختار اور جمہوری ریاست ہے۔ 

دفتر خارجہ نے کہا پاکستان دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر یقین رکھتا ہے، پاکستان دوسروں سے بھی اسی طرزِ عمل کی توقع کرتا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر حکومتیں شہریوں کے پرامن اجتماع کا احترام کرتے ہیں، آزادی اظہار اور جمہوری عمل میں شرکت کے آئینی حقوق کو بھی مکمل طور پر تسلیم اور احترام کرتے ہیں۔ تاہم توڑ پھوڑ، عوامی خدمات خصوصاً اسپتالوں کو نقصان پہنچانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ بے گناہ شہریوں یا قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کا قتل بھی کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ 

انھوں نے کہا کہ پاکستان برطانوی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی حمایت کرنے والوں کو باز رہنے کی تلقین کرے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ برطانوی حکومت ایسے افراد کو جمہوری عمل، عدالتی فیصلوں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کرنے کی ہدایت دے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے آئین، جمہوری اقدار، عدالتی فیصلوں اور قانون کی بالادستی کی ضمانت دیتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید