• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر، وزیراعظم ملاقات، PSDP سمیت بیشتر بجٹ تجاویز پر اتفاق، آزاد کشمیر کا معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی تجویز

اسلام آباد (طاہر خلیل) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری کے مابین پیر کو ایوان صدر میں اہم ملاقات کی ،ملاقات میں وفاقی بجٹ سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو کی گئی۔ حکومت اور پیپلز پارٹی نےپبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) سمیت ایک دوسرےکی بیشتر بجٹ تجاویز سے اتفاق کرلیا ہے اور پیپلز پارٹی نے بجٹ منظورکروانےکیلئے گرین سگنل دیدیا ہے۔ذرائع کے مطابق بعض قابل عمل نکات پر تکنیکی کمیٹیاں مشاورت جاری رکھیں گی۔ قومی سلامتی، داخلی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معیشت، اگلے مالی سال کے بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و امان اور قومی اہمیت کے امور پر گفتگو کی گئی ۔ کشمیر کے معاملے پر پیپلز پارٹی نے حکومت کو مذاکرات کا راستہ اپنانے کی تجویز دیدی۔بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف سے متعلق بات کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ صدر نے ہدایت کی کہ آنے والے بجٹ میں شرحِ ترقی اور عوامی فلاح کی اسکیموں کو ہم آہنگ کرنے کی پوری کوشش کی جائے۔ وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورۂ ایران اور علاقائی سفارتی رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بھی ملاقات میں شریک ہوئے، ملاقات میں آزادکشمیر کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں ایوان صدر آمد پر صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے وفد کی قیادت کی، ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، و زیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّہ ملاقات میں وزیراعظم کے ساتھ موجود تھے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ممبر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، سینیٹر شیری رحمان، ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹراحد چیمہ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل راٹھور بھی شریک تھے ۔ قبل ازیں بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں بجٹ امور پر تفصیلی گفتگو اور بجٹ تجاویز کا تبادلہ ہوا۔

اہم خبریں سے مزید