اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطی میں حالیہ تشدد کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ایسے وقت میں جب ایک منصفانہ اور پائیدار حل کا مقصد قریب دکھائی دے رہا ہے ہم تمام فریقوں سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور امن کو مزید ایک موقع دیں‘ہمیں تشدد اور تباہی کی بجائے امن اور سفارتکاری کی اس راہ پر قائم رہنا ہوگا جس کی کامیابی کے امکانات روشن اور حوصلہ افزا ہیں۔ پیر کوشہباز شریف نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مشرقِ وسطی میں حالیہ تشدد میں اضافہ اس بات کی واضح یاد دہانی ہے کہ ایک کمزور اور غیر مستحکم جنگ بندی کتنے سنگین خطرات اور ناقابلِ برداشت نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ ہم اپنے برادر ممالک اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس تنازعہ کے پرامن سفارتی حل کے لئے خلوصِ نیت اور انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔