لاہور(آصف محمود بٹ ) چیئرمین قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے کہا ہے کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں شفافیت، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے لیے جامع اور تاریخی اصلاحات متعارف کروا ئیں گے، فراڈ، فائل کلچر اور غیر شفاف لین دین کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، آئندہ ریئل اسٹیٹ منصوبوں میں پلاٹس اور ملکیت کی منتقلی کا نظام ریگولیٹر کے ذریعے ہوگا، نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور تمام ادائیگیاں بینکنگ چینلز کے ذریعے ہوں گی۔ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں فروخت ہونے والے پلاٹس کی تعداد اصل دستیاب پلاٹس سے زیادہ نہیں ہوسکے گی اور ہر پلاٹ کی باقاعدہ شناخت موجود ہوگی جبکہ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ شفافیت ،انصاف اور قانون کی حکمرانی مضبوط معیشت کی بنیاد ہے ، سرکاری اداروں میں گورننس کو مزید بہتر بنانیکی ضرورت ہے۔وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل اور ڈی جی نیب مرزا فاران بیگ نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نیب کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط بھی کیے گئے جبکہ چیئرمین نیب نے لاہور چیمبر میں قائم نیب ایگزیکٹو فیسلیٹیشن آفس کا افتتاح کیا اور لاہور چیمبر کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کاروباری برادری کو پاکستان کی معیشت کے لیے ʼʼانجن آف گروتھʼʼ سمجھتا ہے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔