• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اداروں میں منشیات کا بڑھتا رجحان، نئی پالیسی تیار

کراچی ( ثاقب صغیر ) تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے ساؤتھ زون نے 22جامعات اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کے تعاون سے ایک جامع انسداد منشیات پالیسی تیار کر لی ہے۔ڈی آئی جی سائوتھ سید اسد رضا کے مطابق منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مربوط، فعال اور دیرپا حکمت عملی کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے یہ جامع پالیسی اپنائی گئی ہے تاکہ طلباء کو نشہ آور اشیا کے استعمال سے محفوظ رکھا جا سکے اور تعلیمی اداروں میں صحت مند، محفوظ اور منشیات سے پاک ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ یہ پالیسی روک تھام، بروقت مداخلت، والدین کی شمولیت، بحالی، ادارہ جاتی جوابدہی اور قانون کے مؤثر نفاذ کے اصولوں پر مبنی ہے۔ڈی آئی جی سائوتھ کے مطابق اس پالیسی کا مقصد تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانا، طلباء کو نشہ آور اور مضر اشیا سے محفوظ رکھنا اور منشیات کے جسمانی، نفسیاتی، سماجی اور قانونی نقصانات سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے تعلیمی اداروں، والدین، ماہرین صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔اس کے علاوہ ایسے طلباء کی بروقت نشاندہی، رہنمائی، مشاورت اور بحالی کو بھی یقینی بنایا جائے گا جو مدد کے محتاج ہوں۔پالیسی کے تحت منشیات فروشوں، سپلائرز اور جرائم پیشہ عناصر کو تعلیمی ماحول میں داخل ہونے سے روکنے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار شہری بننے، صحت مند طرز زندگی اپنانے اور مثبت شخصیت سازی کو فروغ دیا جائے گا۔ اسد رضا نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں انسداد منشیات کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جن میں اداروں کے سربراہان، اساتذہ، والدین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید