• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال میں سکیورٹی کیلئے کوئیک رسپانس فورس قائم

ملتان(سٹاف رپورٹر) نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال انتظامیہ نے سیکیورٹی نظام کو مزید موثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے وائس چانسلر کی جانب سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئیک رسپانس فورس چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن فعال رہے گی اور ہسپتال و یونیورسٹی میں پیش آنے والے سیکیورٹی سے متعلق واقعات پر فوری ردعمل دے گی، فورس کا مقصد مریضوں‘ ڈاکٹروں‘ طلبہ‘ ملازمین، تیمارداروں‘ یونیورسٹی املاک اور ہسپتال کے احاطے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے،مراسلے میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈائریکٹر سیکیورٹی، ڈائریکٹر کیمپس اور ڈائریکٹر ایمرجنسی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس فورس کے قیام اور دستیابی سے متعلق معلومات تمام فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور ملازمین تک پہنچائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ اور تعاون ممکن بنایا جا سکے،نشتر میڈیکل یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ادارے میں سیکیورٹی انتظامات مزید مضبوط ہوں گے اور ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے گی۔
ملتان سے مزید