کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں نیولے کے کاٹے سے ریبیز کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، جس میں جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی 42 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئیں۔ ماہرین صحت نے اس واقعے کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ریبیز صرف کتے کے کاٹنے سے ہی نہیں بلکہ دیگر متاثرہ جانوروں کے ذریعے بھی منتقل ہو سکتی ہے۔ انڈس اسپتال کے ریبیز پریوینشن پروگرام کے منیجر آفتاب گوہر نے بتایا کہ خاتون کو تقریباً دو ہفتے قبل ایک نیولے نے کاٹا تھا، لیکن انہوں نے اس کے بعد کوئی طبی علاج یا اینٹی ریبیز ویکسین نہیں لگوائی۔ بعد ازاں ان میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوئیں اور حالت بگڑنے پر انہیں اسپتال منتقلکیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکیں۔