• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید فنی تعلیم نوجوانوں کو خود کفالت کے مواقع فراہم کرتی ہے، سارہ احمد

لاہور(خبرنگار)وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بچوں اور نوجوانوں کو جدید فنی و تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اسکل نیسٹ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب محترمہ سارہ احمد اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ محترمہ سلمیٰ سعدیہ تیمور نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران گرافک اینڈ ڈیجیٹل ڈیزائننگ اور فیشن ڈیزائننگ کے کورسز کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے 30 بچوں نے بھی مختلف پیشہ ورانہ کورسز مکمل کیے۔ اور انہیں کامیابی کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید فنی تعلیم نوجوانوں کو باعزت روزگار اور خود کفالت کے مواقع فراہم کرتی ہے، جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کو رہائش، تعلیم اور بحالی کی سہولیات کے ساتھ ساتھ فنی تربیت بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ سارہ احمد نے مزید کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ہنر مند بچوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ بچوں کی کامیاب بحالی اور روشن مستقبل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ تقریب کے اختتام پر سارہ احمد اور سلمیٰ سعدیہ تیمور نے کامیاب طلبہ میں سرٹیفکیٹس اور شیلڈز تقسیم کیں جبکہ طلبہ کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور نمایاں کامیابیوں کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
لاہور سے مزید