کراچی / سکھر(اسٹاف رپورٹر/ بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام دریاؤں میں پانی کی مناسب مقدار موجود ہے تاہم دریائے سندھ میں پانی کی کمی تشویش کا باعث ہے، پانی آخر جا کہاں رہا ہے؟انہوں نے اتوار کے روز نو تعمیر شدہ عظیم پورہ فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ علاوہ ازیں سکھر بیراج کی بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سکھر بیراج سندھ کے زرعی مستقبل کا ضامن ہے، پاکستان کی غذائی سلامتی بھی اس سے وابستہ ہے۔عظیم پورہ فلائی اوور کے افتتاح کے موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے باقاعدہ طور پر فلائی اوور کو ٹریفک کے لئے کھول دیا اور کہا کہ کے ایم سی نے 100 دن کی مقررہ مدت کے مقابلے میں یہ منصوبہ ریکارڈ 90 دنوں میں مکمل کیا۔یہ منصوبہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کے لئے نقل و حرکت کو نمایاں طور پر خصوصاً کورنگی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، شاہراہِ بھٹو اور کراچی ایئرپورٹ کے درمیان سفر کرنے والوں کے لئے بہتر بنائے گا ۔ یہ منصوبہ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرے گا اور شاہراہِ بھٹو سے شاہ فیصل، شارع فیصل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک براہِ راست رابطہ فراہم کرے گا۔