اسلام آ باد، تہران، کراچی (رانا غلام قادر، فاروق اقدس، نیوز ڈیسک)پاکستان اورقطرکی ثالثی میں ایران امریکا تکنیکی سطح کے مذاکرات آج سوئٹزر لینڈ میں ہونگے،وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سوئٹزر لینڈ روانہ ہوگئے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی مذاکرات میں شرکت کیلئے جائیں گے ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورہ تہران کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام کیساتھ ملاقاتیں کی ہیں، وہ ایرانی وفد کیساتھ زیوریخ روانہ ہوگئے ہیں، امریکا کے اعلیٰ مذاکرات کار اور ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں،نائب امریکی صدر جے ڈی وینس بھی روانہ ہوگئے اور ان کی آج آمد متوقع ہے،قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی بھی زیوریخ پہنچ چکے ہیں،سوئٹزرلینڈ کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے سلسلے میں ابتدائی بات چیت شروع ہوگئی ہےجس میں کئی ممالک کے سفیر شریک ہوئے،دوسری جانب اسرائیل کی لبنان پر بمباری میں مزید 20افراد شہید ہوگئے ہیں،ایران نے اسرائیلی حملوں اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر آبنائے ہرمز بند کردی،ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کی پاسداری نہ ہوئی تو ڈیل خطرے میں ہوگی، حزب اللہ نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے جبکہ اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ہرمز بند کرنے کے شواہد نہیں ملے ہیں، مذاکرات کی تیاریاں جاری ہیں ،امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کی افواج چوکنا ہیں تاکہ ایران کے ساتھ معاہدے کے تمام پہلوؤں پر عمل درآمد، پاسداری اور اس کے مکمل طور پر نافذ العمل ہونے کو یقینی بنایا جا سکے،امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کے کنٹرول میں نہیں ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 60دنوں کے دوران ایران آبنائے ہرمز سے کوئی ٹیکس نہیں لے گااور اس کے بعد بھی کوئی ٹول نہیں لے گا،ہرمز پر ٹیکس لگانے کا اختیار صرف امریکا کے پاس ہے، مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکا ایسا کرسکتا ہے،اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کیساتھ لڑائی میں اپنے ایک اور فوجی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے، جنگ بندی کے بعد سے لبنان میں دو روز کے دوران ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 5ہوگئی ہے، اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے غزہ پر بمباری میں الجزیرہ کے کیمرہ مین کو شہید کردیا ہے، حملے میں احمد وشا کے بھائی بھی شہید ہوئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آ باد مفاہمتی یا داشت پر دستخط کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان سوئزر لینڈ میں آج( اتوار) مذاکراتی دورہوگا۔ہفتہ اور اتوار کی در میانی شب جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی ، اعلیٰ مذاکرات کار اور پارلیمان کےا سپیکر باقر قالیباف ، ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری علی باقری سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔ان کے ہمراہ پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کے روز ایرانی وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔