اسلام آباد (اے پی پی)قومی اسمبلی میں اراکین نے سینیٹ کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کی حمایت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اشیائے خورد ونوش پر سیلز ٹیکس میں کمی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15فیصد اضافہ کی سفارش درست ہے تاہم پیٹرول اور ڈیزل میں ملاوٹ کر کے فروخت کی جانے والی آئل مصنوعات پر 80 روپے فی لیٹر لیوی کا فیصلہ درست ہے، اس کو واپس نہیں لینا چاہیے، صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقامی حکومتوں کو فنڈز نہ دینے کے باعث وفاقی بجٹ سے براہ راست مقامی حکومتوں کیلئے فنڈز مختص کئے جانے کی تجویز اہم ہے اس پر عمل ہونا چاہیے۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی میں سینیٹ سفارشات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن عالیہ کامران نے کہا کہ سینیٹ کی جانب سے ایڈوانس ٹیکس 8 فیصد تک لانے،بجلی پر ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی سفارش اہم ہے اس پر عمل ہونا چاہیے۔ پٹرولیم لیوی کو کیپ کرنے کی سفارش بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ کی تمام سفارشات معاشی ترقی اور ملک کے لئے اہم ہیں۔