کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی شکل میں وڈیرے اور جاگیردار کراچی کے وسائل پر قابض ہیں اور شہر کی ترقی کے لئے کچھ خرچ نہیں کرتے۔اسٹیبلشمنٹ بھی بتائے کہ اسے آخر بھتہ خور، سسٹم چلانے والے اور کرپشن ہی کیوں پسند ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کے لوگوں کو نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی جیسے لوگ کیوں پسند نہیں آتے۔ کراچی 40سال سے عذاب کا شکار ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے شہر کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ بھتہ خوری، بوری بند لاشوں سے شہر کی شناخت بگاڑی گئی ، سپریم کورٹ نے 259افراد کو زندہ جلانے والے قاتلوں کو بری تو کردیا لیکن ان کے گھرانوں کو انصاف نہ مل سکا ،اعتراف جرم میں ایک فرد کا یہ بیان موجود ہے کہ میں نے ایسا گناہ کیا ہے کہ مجھے نیند نہیں آتی۔ وہ ہفتے کی شب یوپی موڑ نارتھ کراچی ضلع شمالی اور لاسی گوٹھ بھٹائی چوک ضلع گڈاپ میں جماعت اسلامی کے تحت جاری ملک گیر ممبر شپ مہم کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔یوپی موڑ نارتھ کراچی ممبر شپ ڈرائیو کیمپ سے امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، سیکریٹری ضلع شکیل احمد، قاری محمد احمد، اکبر قریشی اور احمر خان نے بھی خطاب کیا جبکہ ضلع گڈاپ میں ممبر شپ ڈرائیو کیمپ سے امیر ضلع عرفان احمد، نائب امیر خالد صدیقی ، سیکریٹری ضلع ابو الخیر ،پبلک ایڈ کمیٹی کے ابو ضیاء پرویز ،ناظم علاقہ عبد الستار برفت نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا نارتھ کراچی اور لاسی گوٹھ پہنچنے پر پُر جوش نعروں سے شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پرحافظ نعیم الرحمن نے شہریوں کو ممبر شپ فارم بھرواکر جماعت اسلامی کا ممبر بنایا جن میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے سوا کسی پارٹی نے بھی آواز نہیں اُٹھائی۔